سابق مرکزی وزیر اور حمیر پور لوک سبھا حلقہ سے رکن پارلیمان جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے مودی حکومت کے 10 سالہ دور میں انفراسٹرکچر کے شعبے میں کیے گئے موثر کاموں کو نئے ہندوستان کی مضبوط پہچان قرار دیا۔
جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا،‘‘مودی حکومت کے 10 سال کے دوران بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں کیے گیے موثر کام آج نئے ہندوستان کی مضبوط شناخت بن گیے ہیں۔ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر اتنا زور دیا گیا ہے اور اس کا ثبوت ہر گزرتے سال کے ساتھ بجٹ میں بنیادی ڈھانچے پر حکومتی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جانا ہے۔ مودی حکومت کے گزشتہ 10 سال کے دور میں ملک میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ یہ تبدیلیاں نہ صرف اعداد و شمار میں بلکہ آنکھوں سے بھی نظر آتی ہیں۔ ترقی کے لیے مودی حکومت کی سب سے بڑی توجہ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات جیسے سڑکوں، شاہراہوں، ریلوے، دیگر لاجسٹک نظام، بجلی، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں کی توسیع پر رہی ہے اور یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔’’
جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا، ‘‘مودی حکومت نے اس سال کیپٹل اخراجات کے لیے 11,11,111 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جو کہ ہمارے جی ڈی پی کا 3.4 فیصد ہے۔ 2014 کے بعد سے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کے مختص بجٹ میں 500 فیصد اضافہ، 2020-21 میں ہائی وے کی تعمیر کی رفتار 37 کلومیٹر فی دن، نیشنل ہائی وے (این ایچ) نیٹ ورک 2014 کے 91,287 کلومیٹر سے بڑھ کر 2023 تک 1,46,145 کلومیٹر ہو گیا ہے
“4 لین والے این ایچ کی لمبائی 2014 میں 18,387 کلومیٹر سے 2.5 گنا بڑھ کر نومبر 2023 تک 46,179 کلومیٹر تک ہونا مودی حکومت کی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔’’
جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا، ‘‘2014 کے بعد سے، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت 3.74 لاکھ کلومیٹر سڑکیں بنائی گئیں، جبکہ مودی حکومت نے 100 سے زیادہ وندے بھارت ٹرینیں بھی چلائیں۔ ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی اور جدید کاری کے لیے امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت 1318 اسٹیشنوں کو دوبارہ ترقی کے لیے منتخب کیا گیا، تقریباً 62,000 روٹ کلومیٹر براڈ گیج (بی جی) نیٹ ورک کو برقی بنایا گیا ہے، جو ہندوستانی ریلوے کے کل براڈ گیج روٹ (65,556 آر کے ایم) کا تقریباً 94 فیصد ہے۔ 2014 تک صرف21,801 کلومیٹر براڈ گیج نیٹ ورک کی برقی کاری کی گئی تھی۔ میٹرو کے بارے میں بات کریں تو میٹرو نیٹ ورک میں 2014 میں 248 کلومیٹر سے بڑھ کر 2024 میں 1000 کلومیٹر تک توسیع ہوئی ہے، جس سے روزانہ 1 کروڑ سے زیادہ مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔ 2014 میں صرف 5 شہروں سے، آج 21 شہروں میں اور 26 اضافی شہروں میں 919 کلومیٹر لائنیں زیر تعمیر ہیں۔ آج ملک میں 158 ہوائی اڈے کام کر رہے ہیں جبکہ مودی حکومت نے گزشتہ دہائی میں 84 ہوائی اڈے تعمیر کیے ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں تقریباً 132 کلومیٹر پر محیط 32 روپ وے پروجیکٹس پر کام ہوا ہے۔ پچھلی دہائی نئے ہندوستان کے عروج کی دہائی رہی ہے جہاں عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے ہدف کو مزید تقویت دے رہا ہے’’