بلال فرقانی
شبانہ کرفیو سبھی 20اضلاع میں نافذ،گاڑیوں میں 50فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے آج سے جزوی لاک ڈائون کرنیکا اعلان کیا ہے۔کورونا لہر کی زنجیر پر قابوپانے کے لئے میونسپلو شہری بلدیاتی حدود کے اندر تجارتی مراکز، بازاروں، شاپنگ کمپلیکسوںمیں متبادل ایام میں 50 فیصد کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ مسافر بردار ٹرانسپورٹ میں گنجائش کے برعکس نصف سواریوں کو بٹھانے کی اجازت ہوگی جبکہ شبانہ کرفیو کا نفاذ سبھی 20اضلاع میں نافذ العمل ہوگا۔ جموں کشمیر میں گزشتہ ایک ماہ سے کورونا وائرس کیسوں میں ہوش ربا اضافہ کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرکزی زیر انتظام والے خطے میں اس وبائی وائرس سے نپٹنے اور اس کی زنجیر توڑنے کیلئے جزوی لاک ڈائون کے احکامات دیئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنرکے دفتر سے منگل کو جاری کئی ٹویٹ پیغامات میں اس کی اطلاع دی گئی ۔مختلف ٹویٹ کے زریعہ بتایا گیا کہ مسافر بردار ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش 50 فیصد تک محدود کردی جائے گی،جبکہ ضلع پولیس سپرانٹنڈنٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان احکامات کی تعمیل کرائے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’جموں و کشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ (میٹاڈار / منی بس / بسیں وغیرہ) کو صرف اس کی اجازت دی گئی ہے کہ وہ اس میںمسافروںکے بیٹھنے کی نشستیں50فیصد کم کریں،جبکہ ضلعی سپر انٹنڈنٹ ان احکامات پر عملدر آمد کرائے۔ایل جی نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا ’’ شہری بلدیاتی اداروں اور میونسپل حدود کے اندر واقع شاپنگ کمپلیکسوں،بازاروں اور تجارتی مراکز میں صرف50فیصد دکانوں کو متبادل ایام میں کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی‘‘۔تاہم ، ایل جی سنہا نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ’’تمام اضلاع کے ضلعی مجسٹریٹ ترجیحی طور پر مقامی بازاریسوسی ایشنوں کے مشورے سے اس پر عمل درآمد کرنے کے لئے ایک طریقہ کار وضع کریں گے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ایک نئے کوویڈ کنٹرول اقدامات کے تحت رات کے وقت کورونا کرفیو کو جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع کے میونسپل وشہری بلدیاتی حدود تک بڑھایا جائے گا۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا’’یہ پہلے ہی آٹھ اضلاع میں شام 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ العمل ہے‘‘۔سرکار نے بعد میں با ضابطہ طور پر ایک حکم نامہ جاری کیا۔جس میں کورونا کو قابو کرنے کیلئے بندشوں کا اعلان کیا گیا۔آفات سمایٰ منیجمنٹ،ریلیف،باز آبادکاری و نگرانی محکمہ کی سٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سیکریٹری سمرن دیپ سنگھ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے چیف سیکریٹری،فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم،سیکریٹری تعلیم اور جموں و کشمیر کے صوبا ئی کمشنروں کے ہمراہ جموں کشمیر میں کورونا سے متعلق صورتحال کا مفصل جائزہ لیا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ جائزہ میٹنگ کے دوران کورونا وائرس کے پھیلائو کی صورتحال کا جائزہ لیا گیاجبکہ روزانہ کی بنیادوں پر کیسوں میں اضافے کے رجحان کو بھی زیر غور لایا گیا۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ شبانہ کرفیو میونسپل حدود میں تمام20اضلاع میں نافذ کیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں متبادل دنوں میں تجارتی مراکز کھولنے اور مسافر بردار ٹرانسپورٹ کی نشستوں میں50فیصد کمی کا بھی اعلان کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی گئی کہ دکانات کھولنے سے متعلق متعلقہ بازار یونینوں کے ساتھ طریقہ کار عملائے،جبکہ ضلع پولیس سپر انٹنڈنٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ معیاری عملیاتی طریقہ کار کو زمینی سطح پر نافذ کریں۔