سری نگر، 29 جون کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں کی طرف سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا مقصد کشمیر میں ڈر کا ماحول پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں یہاں سیاح آئیں گے اور یہاں ایک سیاسی عمل بھی چل رہا ہے جس کو جنگجو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اونتی پورہ میں مارا جانے والا فیاض احمد کوئی مخبر نہیں تھا بلکہ وہ پولیس میں نوکری کر رہا تھا جو کوئی گناہ نہیں ہے۔
موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں پولیس کنٹرول روم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘پچھلے کچھ دنوں سے کشمیر میں بے گناہ لوگوں جس میں عام شہری بھی ہیں اور پولیس اہلکار بھی ہیں، کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس کا مقصد ہے کہ یہاں لوگوں میں ڈر کا ماحول پیدا کیا جائے کیونکہ ان کو ڈر ہے کہ آنے والے دنوں میں یہاں کافی تعداد میں سیاح آںے والے ہیں اور یہاں ایک سیاسی عمل بھی شروع ہو گیا ہے یہ لوگ اس کو متاثر کرنا چاہتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ کشمیر میں ترقی اور امن قائم ہوجائے۔
موصوف انسپکٹر جنرل نے کہا کہ اونتی پورہ میں جنگجوؤں کے ہاتھوں مارا جانے والا فیاض احمد مخبر نہیں بلکہ پولیس میں نوکری کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا: ‘ٹی آر ایف جنگجو تنظیم نے دعویٰ کیا کہ وہ (فیاض احمد) مخبر تھا جو غلط ہے وہ بے چارہ پولیس میں نوکری کر رہا تھا، پولیس میں نوکری کرنا کوئی گناہ نہیں ہے، غریبی کی حالت میں لوگ ایسی نوکری کرتے ہیں اگر کوئی پولیس اہلکار دہشت گرد مخالف آپریشن میں بھی حصہ لے گا وہ بھی گناہ نہیں ہے بلکہ اس کی ڈیوٹی کا ایک حصہ ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘فیاض احمد دہشت گرد مخالف آپریشن میں بھی کبھی ملوث نہیں تھا اور نہ ہی اس کی اہلیہ اور بیٹی کسی کا ‘سورس’ تھیں’۔
یو این آئی