کرناہ //راجیہ سبھا ممبر چوہدری محمد رمضان نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت اور آئینی حقوق کی بحالی سمیت سرحدی علاقوں سے متعلق متعدد اہم مسائل اور مطالبات اٹھائے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت اور آئینی حقوق کی بحالی، سُمبل–بانڈی پورہ–گُریز 120 کلومیٹر سڑک کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے، اسے اسٹریٹجک نیشنل ہائی وے کے طور پر ترقی دینے اور رازداں پاس ٹنل پر جلد پیش رفت کا مطالبہ کیا۔
چوہدری محمد رمضان نے کرناہ کے ٹنگڈار سرحدی علاقے میں مقامی پورٹرز کی تعداد موجودہ 400 سے بڑھا کر 1000 کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرحدی علاقوں کے مقامی لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کرناہ، کپواڑہ اور دیگر دور دراز سرحدی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے فوج اور BSF میں خصوصی بھرتی مہم چلانے کی بھی درخواست کی۔
انہوں نے Defence Labour Procurement کو جاری رکھنے اور مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تاکہ سرحدی علاقوں میں مقامی مزدوروں اور سپلائرز کا روزگار متاثر نہ ہو۔ ممبر پارلیمنٹ نے درنگیاڑی سے نیچان تک سادھنا ٹاپ کے راستے کیبل کار سروس شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جس سے سرحدی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں متبادل رابطہ سہولت میسر آسکتی ہے۔انہوں نے مثرھل –کیرن–ٹنگڈار روڈ نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کے علاوہ چوکیبل کرناہ میلیال–پی گلی–کیرن اور زیڈ گلی–مچل سڑکوں کی بہتری پر بھی زور دیا۔ اسی طرح پونچھ ضلع میں گلی میدان–گگریاں–ساوجیاں تا بٹال کوٹ–لورن تقریباً 39 کلومیٹر سڑک کو Border Zero Line Road کے طور پر ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے چوہدری محمد رمضان کو یقین دلایا کہ اٹھائے گئے مسائل پر مناسب غور کیا جائے گا اور اسٹریٹجک رابطوں، سرحدی علاقوں میں روزگار اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق معاملات پر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اس دوران کرناہ کے ممبر اسمبلی نے رکن پارلیمنٹ چوہدری محمد رمضان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کے دوران کرناہ سمیت سرحدی علاقوں کے اہم مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھایا۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ چوہدری محمد رمضان نے ان سے سرحدی علاقے میں درپیش اہم مسائل اور عوامی ضروریات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی تھیں، جس پر انہوں نے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل طلب مسائل کی ایک مکمل فہرست پیش کی تھی۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی، روزگار کے مواقع اور بہتر رابطہ سہولیات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو مرکزی سطح پر اٹھائے جانے سے کرناہ کے عوام کی دیرینہ مشکلات کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے چوہدری محمد رمضان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرناہ کے عوام کی جانب سے وہ ان کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مرکزی حکومت ان مطالبات پر جلد عملی اقدامات کرے گی۔





