سری نگر20 اکتوبر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گگن گیر سونہ مرگ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملوثین کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ سرکار نے جموں وکشمیر پولیس ، فوج اور دیگر سلامتی اداروں کو مکمل آزادی دی ہے۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایکس پر پوسٹ کئے گئے ایک بیان میں کہا :’سونہ مرگ کے گگن گیر علاقے میں عام شہریوں پر گھناونے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہاکہ میں یقین دلاتا ہوں کہ اس انسانیت سوز واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
ایل جی منوج سنہا نے کہا:’سرکار نے جموں وکشمیر پولیس ، فوج اور سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دی ہے،ہمارے بہادر اہلکار اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور یہ کہ دہشت گردوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘
منوج سنہا نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پوری قوم مصیبت کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔