*سرینگر/ 16اپریل:* جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر سجادغنی لون نے منگل کی صبح گنڈبل بٹوارہ میں کشتی الٹنے کے دلدوز واقعے سے متاثرہ خاندانوں کے تئیں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اس المناک خبر پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعہ میں خصوصی طور متعدد کم سن بچوں کی موت پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سانحہ میں جانی نقصان کے پیش نظرپیپلز کانفرنس نے منگل کےروز الیکشن مہم سے متعلق تمام سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا۔ سجاد لون نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، یہ بہت تکلیف دہ خبر ہے۔ ان لوگوں کے خاندانوں سے میری دلی تعزیت ہے جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔ بہت سے نابالغ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ میری دعائیں اور خیالات اس ناقابل تصور مشکل وقت میں والدین کے ساتھ ہیں۔مزید برآں، انہوں نے انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ بچاؤ کاموں میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ زندہ بچ جانے والوں کو فوری اور بہترین علاج معالجہ فراہم ہو۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔