بجلی کی فراہمی اور صحت کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ
کرناہ // سیول سوسائٹی کرناہ نے صحت، بجلی اور تعلیم سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کےلئے سنیچر کو ایک اہم میٹنگ کا اہتمام کیا۔ جس میں سول سوسائٹی کرناہ کے چیئرمین ایس ڈی قریشی اور جنرل سیکرٹری راجہ وقار خان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔میٹنگ میں پیرزادہ ایس ڈی قریشی نے کرناہ میں بجلی کے شدید بحران پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں میں سے ہمیں صرف 1 سے 2 گھنٹے بجلی ملتی ہے، ہم نے اس سے پہلے کبھی بجلی کا اتنا برا حال نہیں دیکھا اور یہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں سے ماہانہ بجلی کی بلیں وصول کی جا رہی ہیں اور بجلی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ،اس کے باوجود بھی لوگوں کو بجلی سپلائی سے محروم رکھا جاتا ہے ۔سول سوسائٹی کرناہ کے جنرل سیکرٹری راجہ وقار خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجتراں گاو ¿ں میں واقع سٹون کریشر پلانٹ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ پلانٹ مقامی لوگوں کےلئے تشویش کا ایک اہم سبب بن گیا ہے، کیونکہ یہ زہریلی گیسیں خارج کرتا ہے، جس سے مقامی آبادی میں سانس کی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ صحت کے تحفظ کےلئے پلانٹ کو فوری طور پر منتقل کریں۔ راجہ وقارنے محکمہ صحت میں عملے کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال صرف ایک عمارت بن کر رہ گئی ہےکیونکہ یہاں طبی ونیم طبی عملے کی شدید قلت ہے جس سے مریض یہاں پریشانی کا سامنا کرتے ہیں ۔تاہم سوسائٹی کے دیگر ارکین نے کہا کہ بجلی کی طویل بندش نے مکینوں کی روزمرہ کی زندگی اور معاش کو بری طرح متاثر کیا ہے اور یہاں سکولی بچوں کو بجلی کی ابتر صورتحال کے نتیجے میں سخت پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے ۔سیول سوسائٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں اُمید ہے کہ انتظامیہ ان مسائل کے فوری حل کےلئے اقدام کرے گی تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازلہ ہو سکے ۔





