جموں،30 جون جموں شہر کے فوجی علاقوں میں ڈرونز کا گردش کرنے کا پراسرار سلسلہ گذشتہ چار روز سے مسلسل جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فوجی جوانوں نے شہر کے میرن صاحب اور کنجونی علاقوں میں قائم فوجی تنصیبات کے نزدیک بدھ کی علی الصبح دو ڈرونز کو گردش کرتے دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ چاک و چوبند فوجی جوانوں نے پہلے میرن صاحب میں صبح کے پونے پانچ بجے ایک ڈرون کو گردش کرتے ہوئے دیکھا جبکہ اس کے ایک گھنٹے بعد کنجونی علاقے میں ایک اور ڈرون کو آٹھ سو سے ایک ہزار میٹر کی اونچائی پر گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں علاقوں کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس دوران جموں و کشمیر پولیس نے جموں شہر میں ہوائی اڈے اور دیگر اہم دفاعی تنصیبات کے ارد گرد رہنے والوں کی تفصیلات اکٹھا کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ٹیموں نے بدھ کے روز جموں ہوائی اڈے کے ارد گرد رہنے والے لوگوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے گھر گھر جا کر ان کے مکینوں کے نام اپنی رجسٹری میں درج کیے۔ ایسی ہی رجسٹریشن دوسری علاقوں میں بھی شروع کی گئی ہے۔
بتادیں کہ جموں کے رتنوچک اور کالوچک علاقوں میں فوجی اسٹیشنوں کے نزدیک پیر اور منگل کی درمیانی شب دو ڈرونز کو گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جنہیں وہاں تعینات فوجی جوانوں نے واپس بھگایا تھا۔
قبل ازیں جموں ائیر فورس اسٹیشن پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک مشتبہ ڈرون کے ذریعے دو بم گرائے گئے تھے جس کے نتیجے میں دو آئی اے ایف اہلکار زخمی اور ایک عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔
مرکزی وزارت داخلہ نے اس حملے کی تحقیقات کی ذمہ داری قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو سونپی ہے اور این ایس جی کی ایک ٹیم دہلی سپیشل سیل کے افسروں کے ہمراہ منگل کے روز جموں ائیر فورس اسٹیشن پہنچ گئی۔
یو این آئی
وادی کشمیر میں وقف اثاثوں کی صحیح نگرانی اور ترقی ناگزیر
وقف املاک نہ کسی مذہبی لیڈر کی ملکیت ہوتی ہے اور ناہی کسی خاص انجمن کی ملکیت ہے بلکہ یہ...
Read more