جموں، 27 جون جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں کے ایئر فورس سٹیشن کے ٹیکنیکل ایئریا میں گذشتہ رات پانچ منٹ کے وقفے کے اندر دو زوردار دھماکے ہوئے جن کی وجہ سے ایئر فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ دھماکے ڈرونز کے استعمال سے کئے گئے ہیں۔
ہائی سکیورٹی جموں ایئر فورس سٹیشن میں دھماکوں کے بعد اس اور جموں و کشمیر کے دیگر اہم ترین تنصیبات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
اس دوران قومی تحقیقاتی ایجنسی یا این آئی اے کی ایک ٹیم ایئر فورس سٹیشن جموں پہنچ گئی ہے جہاں اس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ این آئی اے ٹیم نے شہر کے مضافاتی علاقہ نکی توی سے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایک سکیورٹی عہدیدار نے بتایا: ‘معاملے کی ہر ایک زوایے سے تحقیقات ہوگی۔ این آئی اے کے علاوہ دیگر ایجنسیاں بھی تحقیقات میں جٹ گئی ہیں’۔
پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ دیگر ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر پولیس بھی ایئر فورس سٹیشن پر حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘دھماکے کرنے کے لئے بظاہر ڈرونز کا استعمال کیا گیا ہے۔ معاملے کی نسبت پولیس تھانہ ستواری میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے’۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہلا دھماکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قریب ایک بجکر 45 منٹ پر ایک عمارت کی چھت پر ہوا جبکہ پانچ منٹ سے بھی کم وقفے کے بعد ایک اور دھماکہ کھلے میدان میں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکوں سے ایک عمارت کو نقصان پہنچا اور ایئر فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کی شناخت اروند سنگھ اور ایس کے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایئر فورس سگنل کمپلیکس کے قریب واقع ‘ہیلی ڈسبرسل بلڈنگ’ کو دو جگہ پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے عمارت کی چھت اور کھڑکیوں کو کو نقصان پہنچا ہے۔
انڈین ایئر فورس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا: ‘جموں ایئر فورس سٹیشن کے ٹیکنیکل ایئریا میں اتوار کی علی الصبح کم شدت والے دو دھماکے ہوئے۔ ایک دھماکے کی وجہ سے ایک عمارت کی چھت کو معمولی نقصان ہوا جبکہ دوسرا ایک کھلے میدان میں پھٹ گیا’۔
ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: ‘ساز و سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تحقیقات میں سول ایجنسیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے’۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے معاملے پر فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل ایچ ایس اروڑہ سے بات کی ہے۔ ایئر مارشل اروڑہ از خود جموں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
بتا دیں کہ یہ دھماکے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے تین روزہ دورہ لداخ کے محض کچھ گھنٹے قبل کئے گئے۔
یو این آئی ظ ح بٹ