جموں، 13 جون مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تشدد اور دراندازی پر روک لگائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ملک میں کافی بدلائو آیا ہے اور دہشت گردی یا تشدد کے واقعات اب رونما نہیں ہوتے۔
کشن ریڈی نے اتوار کو یہاں تروپتی بالاجی مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا: ‘تشدد کے واقعات ہوں یا دراندازی ان پر روک لگائی گئی ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ملک میں اب دہشت گردی کے واقعات رونما نہیں ہوتے۔ یعنی ملک میں بدلائو آیا ہے۔ امن و قانون کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔ ملک میں گزشتہ دو برسوں کے دوران تشدد کے صرف ایک دو واقعات ہی پیش آئے ہیں’۔
وزیر مملکت برائے امور داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں بہت کچھ کرنے کے منصوبے بنائے تھے لیکن بدقسمتی سے کورونا وائرس کی وجہ سے کام رک گئے۔
انہوں نے کہا: ‘اس بیماری کی وجہ سے ترقیاتی سرگرمیاں گزشتہ پندرہ مہینوں سے متاثر ہیں۔ آپ کو یاد ہوگا کہ مرکزی حکومت کے 36 وزرا نے یہاں کے ہر ایک علاقے کا دورہ کیا تھا۔ کورونا ختم ہوتے ہی جموں و کشمیر اور لداخ کی ترقی کے اقدام اٹھائے جائیں گے۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ آنے والے وقت میں یہ ترقیاتی کام شروع ہوں’۔
کشن ریڈی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بھارت کورونا کے خلاف جاری لڑائی بہت جلد جیت جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس کے فوراً بعد جموں و کشمیر کو ترقی کی راہ پر لے جانے کا کام شروع ہوگا۔ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے وعدہ بند ہیں’۔
یو این آئی