سری نگر، 29 مئی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کہا کہ لوگوں کے گھروں میں بیٹھنے سے کورونا کا بڑھتا ہوا گراف نیچے آنا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں آکسیجن، آئی سی یو بیڈز اور ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے۔
ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے یہ باتیں ہفتے کو یہاں انڈور سٹیڈیم میں قائم ویکسینیشن سینٹر پر ایک انگریزی روزنامے کے ویب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا: ‘اللہ کا شکر ہے کہ ملک کے دوسرے حصوں کے جیسے حالات وادی کشمیر میں پیدا نہیں ہوئے۔ یہاں اموات کی شرح بہت کم رہی۔ حکومت نے بہت اچھے سے اس وائرس سے نمٹا۔ لوگوں کے گھروں میں بیٹھنے سے کورونا کا بڑھتا ہوا گراف نیچے آنا شروع ہو گیا ہے’۔
ڈائریکٹر ہیلتھ نے ہسپتالوں میں آکسیجن اور دیگر سہولیات کی دستیابی پر بات کرتے ہوئے کہا: ‘ہمارے ہاں آکسیجن کی کوئی قلت نہیں۔ آئی سی یو بیڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میڈیسن دستیاب ہے اور ٹریٹمنٹ سسٹم متحرک ہے۔ کشمیر کے تقریباً ہر ایک ضلع اور سب ضلع ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ قائم کئے گئے ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری میں ہم تیسرا آکسیجن جنریشن پلانٹ نصب کر رہے ہیں۔ کہنے کا مطلب ہے کہ کئی ایسے ہسپتال ہیں جن میں ایک سے زیادہ آکسیجن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں۔ ہمارے پاس آکسیجن کا معقول بیک اپ موجود ہے۔ سلنڈرز کی کوئی کمی نہیں ہے’۔
ڈاکٹر مشتاق نے کہا کہ ہسپتالوں میں آکسیجن پلانٹ نصب کرنے کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری تھا۔
ان کا کہنا تھا: ‘حکومت کوئی بھی کام کرنے سے کبھی رکتی نہیں ہے۔ ہاں یہ بات ہے کہ ان آکسیجن جنریشن پلانٹوں کو چالو کرنے کے کام میں گزشتہ دو ماہ کے دوران غیر معمولی تیزی لائی گئی ہے’۔
یو این آئی