سری نگر، 28 اپریل (یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر اس یونین ٹریٹری کے کم از کم 11 اضلاع میں جمعرات کی شام سے 84 گھنٹوں تک جاری رہنے والا ‘مکمل لاک ڈائون’ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام سات بجے نافذ کیا جانے والا یہ ‘مکمل لاک ڈائون’ پیر کی صبح سات بجے تک جاری رہے گا۔
اس دوران تمام بازار اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ لوگوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندی عائد ہوگی۔ تاہم ایمرجنسی اور اہم سروسز کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
جن اضلاع میں یہ ‘مکمل لاک ڈائون’ نافذ کیا جائے گا ان میں سری نگر، اننت ناگ، بارہمولہ، بڈگام، کولگام، پلوامہ، گاندربل، جموں، کٹھوعہ، ریاسی اور ادھم پورہ شامل ہیں۔
دریں اثنا جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3023 نئے کیسز سامنے آئے ہیں نیز اس وبا سے متاثر 30 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ یہ جموں و کشمیر میں رواں برس کسی ایک دن میں کورونا سے مرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جن اضلاع میں جمعرات کی شام سے مکمل لاک ڈائون نافذ ہوگا وہاں کے متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں نے اس کے باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ضلع سری نگر میں جمعرات کی شام سات بجے سے پیر کی صبح سات بجے تک مکمل لاک ڈائون نافذ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لازمی خدمات لاک ڈائون سے مستثنیٰ ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کی طرح جموں و کشمیر میں بھی کورونا کیسز میں روز افزوں غیر معمولی اضافہ درج ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے کورونا کی اس دوسری لہر کی روک تھام کے لئے یونین ٹریٹری میں گذشتہ ہفتے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا جس کے تحت بازاروں میں صرف پچاس فیصد دکان ہی کھلے رہتے ہیں اور مسافر بردار گاڑیوں کو بھی پچاس فیصد سواریاں اٹھانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔