پرویز احمد
سرینگر //گوری فاﺅنڈیشن کی جانب سے ” مزید دل کا دورہ نہیں“ میشن کے تحت سنیچر کومعروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر اوپندر کول کی والدہ کے 93ویں جنم دن پر چھانہ پورہ میں پہلے کلنک کا افتتاح کیاگیا ۔ مختصر افتتاحی تقریب کے دوران گوری فاﺅنڈیشن کے ٹرسٹیز نے بھی حاضرین سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر سکمز صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگرنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں گوری فاﺅ ڈیشن کے قیام پر تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے گوری فاﺅنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اوپندر کول نے بتایا ” مزید دل کے دورے نہیں “ مشین کے تحت امراض قلب سے جڑی 7بیماریوں جن میں ہائی بلڈ پریشر، موٹاپہ، خون میں چربی، سگریٹ نوشی، ورزش کی کمی اور کھانے پینے کی عادت میں خرابیوں کو دور کیا جائے گا“۔انہوں نے کہا ” ان بیماریوں کی وجہ سے 90فیصد لوگوں میں دل کی حرکت بند ہوجاتی ہے“۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرمیں 2ماہر امراض قلب 24گھنٹے دستیاب ہونگے ۔ڈاکٹر اوپندر نے بتایا ”کلنک میں ای سی جی ا،ڈاپلر، ذہنی دباﺅ کو ناپنے کا ٹیسٹ و دیگر تشخیصی سہولیات دستیاب ہےں۔انہوں نے کہا کہ کلنک میں ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کو اسپتال پہنچانے کیلئے ایک ایمبولنس بھی دستیاب رہے گی۔گوری کول فاﺅنڈیشن نے اپنا سفر کپوارہ سے شروع کیا۔ ڈاکٹر اوپندر کول نے بتایا ” ہم نے 7اضلاع میں طبی کیمپوں کا انعقاد کیا “ ۔انہوں نے کہا کہ کیمپوں کے دوران ہم نے یہ مشاہدہ کیا کہ 50فیصد بلڈ پریشر مریضوں کو بلڈ پریشر قابو سے باہر ہوتا ہے اور اگر بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھا جائے ، تو حرکت قلب بند ہونے کے واقعات 50فیصد کم ہو جائےں گے۔ ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا کہ گوری کول فاﺅڈیشن کی جانب سے امراض قلب کے مریضوں کیلئے خصوصی کلنک کھولنا ایک خوش آئند بات ہے“۔