یو این آئی
سری نگر// نیشنل کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان میں اس وائرس کی کچھ علامتیں بھی نظر آ رہی ہیں۔
پچاسی سالہ فاروق عبداللہ کے بیٹے عمر عبداللہ نے ٹویٹر پر اس کی اطلاع دی کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
عمر نے منگل کی صبح اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا”میرے والد کا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان میں اس وائرس کی کچھ علامتیں ہیں۔ میں اور میرے گھر والے ٹیسٹ کرائے جانے تک قرنطینہ اختیار کر رہے ہیں۔ ا±ن تمام لوگوں، جو گزشتہ چند دنوں کے دوران ہمارے رابطے میں آئے ہیں، سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ لازمی احتیاطی تدابیر اپنائیں“۔
فاروق عبداللہ نے رواں ماہ کی 2 تاریخ کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین لگوائی تھی۔ ہر فرد کو کچھ ہفتوں کے فاصلے سے ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں اور فاروق عبداللہ کو ابھی تک صرف ایک خوراک دی گئی تھی۔