جموں، 25 مارچ (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مہاجر کشمیری پنڈتون کی وادی واپسی یا بازآبادکاری کے لئے ‘توقعات سے پرے’ ایک بڑے اعلان کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری کے حوالے سے ایک ایسا اعلان سننے کو ملے گا جس کی کسی نے توقع بھی نہیں کی ہوگی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یہ باتیں جمعرات کو یہاں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔
انہوں نے کہا: ‘بازآبادکاری الگ چیز ہے اور نوکری بازآبادکاری کا ایک چھوٹا ذریعہ ہے۔ مہاجر کشمیری پنڈتوں کے لئے چھ ہزار نوکریوں کا پہلے ہی اعلان ہو چکا تھا اور کچھ وجوہات کی بنا پر یہ اسامیاں پُر نہیں ہو رہی تھیں۔ فی الحال ہدف یہ ہے کہ کشمیری پنڈتوں کو یہ چھ ہزار نوکریاں دی جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘بازآبادکاری کے لئے اور کیا کیا کرنا ہے اس کے حوالے سے بہت کچھ سوچا گیا ہے۔ آج میں ان چیزوں کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں سمجھتا۔ آنے والے وقت میں آپ کو وہ اعلان سننے کو ملے گا جس کی آپ نے توقع بھی نہیں کی ہوگی’۔
بتادیں کہ کشمیری پنڈتوں کی تنظیم ‘پنن کشمیر’ وادی کشمیر کے اندر ‘پنن کشمیر’ کے نام سے مہاجر کشمیری پنڈتوں کے لئے ایک اور یونین ٹریٹری تشکیل دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
مذکورہ تنظیم کے چیئرمین ڈاکٹر اجے چرنگو نے رواں برس 19 جنوری کو جموں پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا تھا: ‘سیاسی سطح پر ابھی بھارتی حکومت نے آدھا ہی کام کیا ہے۔ جموں و کشمیر کی از سر نو ری آرگنائزیشن کی ضرورت ہے’۔
چرنگو کا مزید کہنا تھا: ‘وادی کشمیر میں پنن کشمیر کے نام سے ایک اور یونین ٹریٹری تشکیل دینی ہوگی۔ پنن کشمیر نام سے یہ یونین ٹریٹری ان لوگوں کے لئے ہوگی جن کو وہاں سے ہجرت کرنی پڑی ہے’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کے تحقیقاتی ادارے اپنا کام کر رہے ہیں اور انجام تک بھی پہنچاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘میرے لئے زیادہ اہم یہ ہے کہ کام میں کیسے تیزی لائی جائے۔ ملک میں قانون ہے اور ادارے ہیں۔ وہ ادارے اپنا کام کر رہے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ یہ ادارے اپنا کام کرنے کے لئے آزاد ہیں۔ ان کے کام میں کسی کو دخل دینے کی ضرورت نہیں ہے’۔
منوج سنہا نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر انتظامیہ پوری طرح سے الرٹ ہے اور ویکسین کی ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘ہم لوگ پوری طرح سے الرٹ ہیں۔ کورونا سے بچنے کے لئے کیا کرنا ہے اب تک سب جانتے ہیں۔ پچھلے ایک سال نے ہمیں سب کچھ سکھا دیا ہے۔ ویکسین کی ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے کورونا پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کی تھی لیکن دو تین دنوں سے سامنے آنے والے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے معاملے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ آپ لوگوں کو بتائیں کہ کورونا سے بچنے کے لئے گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے’۔
منوج سنہا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں اب تک آٹھ ہزار بنکر بنائے جا چکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس سال 12 سو بنکر بنانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضرورت پڑی تو مزید بنکر بنائے جائیں گے۔ اس وقت شیلنگ بند ہے یہ آپ جانتے ہوں گے’۔
پاکستانی پروپیگنڈا وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورۂ کشمیر کے دوران: سوشل میڈیا کا تجزیہ
13 جنوری 2025 کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر کا دورہ کیا تاکہ زی-مور ٹنل کا افتتاح کریں،...
Read more