سری نگر، 24 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے 25 مارچ یعنی بدھ سے کھلنے والے سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کرنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغ گل لالہ کا کھل جانا جموں و کشمیر کے لئے ایک خاص بات ہے۔
باغ کے کھلنے سے ایک روز قبل وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ‘پچیس مارچ جموں و کشمیر کے لئے سپیشل ہے۔ زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع شاندار ٹیولپ گارڈن سیلانیوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ باغ میں 64 اقسام کے پندرہ لاکھ پھول کھل اٹھے ہیں’۔
ان کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘جب بھی موقع ملے جموں و کشمیر کی سیر کریں اور باغ گل لالہ کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو جائیں۔ ٹیولپ پھولوں کے علاوہ آپ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کی مہمان نوازی بھی دیکھنے کو ملے گی’۔
محکمہ پھولبانی کے ناظم فاروق احمد راتھر نے چند روز قبل یو این آئی اردو کو بتایا تھا کہ باغ گل لالہ کو 25 مارچ سے لوگوں کے لئے کھولنے کی امید ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس باغ کو لوگوں کے لئے کھلنے کا انحصار موسم پر ہے اور محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے ہفتے کے دوران خراب موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر اس کے کھلنے کا پروگرام موخر بھی ہوسکتا ہے۔
موصوف نے کہا تھا کہ باغ گل لالہ میں امسال 62 اقسام کے پندرہ لاکھ ٹیولپ بلب لگائے گئے ہیں۔ یہ اب تک لگائے جانے والے سب سے زیادہ ٹیولپ بلب ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ٹیولپ گارڈن کو کھولنے کی تیاری سال بھر جاری رہتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ امسال ایک اچھا ٹیولپ شو دیکھنے کو ملے گا’۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ باغ گل لالہ کو لوگوں کی آمد کے لئے مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ قریب چھ سو کنال اراضی پر محیط اس باغ میں لاکھوں ٹیولپ بلب لوگوں کے منتظر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے باغ گل لالہ کو ورلڈ ٹیولپ سوسائٹی نے سال 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین باغ قرار دیا تھا۔
پاکستانی پروپیگنڈا وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورۂ کشمیر کے دوران: سوشل میڈیا کا تجزیہ
13 جنوری 2025 کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر کا دورہ کیا تاکہ زی-مور ٹنل کا افتتاح کریں،...
Read more