نیوز ڈیسک
سرینگر//سرینگر۔جموں شاہراہ کو منگل کے روز اس وقت ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا جب مسلسل خراب موسم کی وجہ سے اس پر پسیاں گر آئیں۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق موسم لگاتار خراب ہے جس کے دوران شاہراہ پر بانہال اور جواہر ٹنل کے علاقوں میں پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق مسلسل خراب موسم کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کا چلنا خطرے سے خالی نہیں تھا کیونکہ کئی مقامات پر پسیاں بھی گر آئی تھیں اور پھسلن بھی پیدا ہوئی تھی۔
اطلاعات میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام نے شاہراہ پر موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسے ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کردیا۔