عارف بلوچ
اننت ناگ//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میںمنگل کو موسم کی خرابی کے دوران تیز ہوائیں چلیں جس کے نتیجے میں کم سے ایک رہائشی مکان اور ایک سکولی عمارت کی چھت اُڑ گئی۔ان الگ الگ واقعات میں تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بجبہاڑہ کے نوشیرہ علاقے میں ایک سکول کی چھت اُس وقت اُڑ گئی جب بچے اور اساتذہ سکول کے اندر موجود تھے۔اس واقعہ میں سبھی مکین معجزاتی طور بچ گئے۔
تیز ہوا چلنے کے ایک اور واقعہ میں چوگام ویری ناگ میں غلام حسن بٹ کے مکان کی چھت اُڑ گئی اور اس واقع میں بھی کسی کو کوئی گزند نہیں پہنچی۔
وادی بھر میں موسم شدید خراب ہے جس کے دوران باد و باراں کا سلسلہ جاری ہے اور کئی مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔