روحانی مراکز سے وابستگی نئی نسل کے لئے آب حیات کی مانند
سیدہ کائنات کے طفیل ولایت عالم میں رواں (علامہ حامی)
پرنس آیاز
اننت ناگ : آل محمد مصطفی ﷺ کائنات کا افضل ترین گھرانہ ہے جس کے نور ایمان سے قیامت تک انگنت افراد صراط مستقیم کی دولت سے فیضیاب ہوتے رہیں گے۔ اس گلشن مصطفی ﷺ کا سرچشمہ سیدہ النساء خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا (رضی الله عنہا) ہیں جن کی پاک ذریت کو اللہ تعالی نے اولیاء امت کی سرداری اور نور ولایت کی دوامی کے لیے منتخب کرلیا۔ ان باتوں کا اظہار کاروان اسلامی انٹرنیشنل کے امیر ڈاکٹر غلام رسول حامی نے جمعہ مبارک کے مقدس موقع پر آستانہ عالیہ ریشمول صاحب واقع اننت ناگ میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے مطابق اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شمولیت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حامی نے حصرت فاطمہ زہراؓ کے فضائل و مناقب بیان کرنے کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے چند قابل فکر امور پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کے مبارک گھرانے اور نسب کے فیضان سے اس امت کے لیے ولایت کا چشمہ تا قیامت رواں ہے جس وجہ سے اسلام و ایمان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ کائناتؓ کی مقدس سیرت اور اخلاق و کردار تمام امت بالخصوص خواتین امت کے لیے کامل اور انمول نمونہ ہے جس کی پیروی سے انسان ایمان کی حقیقت اور لذت کو پاسکتا ہے اور دنیا و آخرت میں کامیابی سے سرشار ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر حامی نے ضرورت مند اور نادار افراد کی مروت اور امداد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر صاحب ثروت انسان پر لازم ہے کہ مفلسوں اور ضرورتمندوں کو تلاش کر ان کی معاونت کرے۔ اس ضمن میں انہوں نے لوگوں کو تنبیہ کی کہ غیر مستحق اور فرضی ضرورت مند افراد کے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ صرف قابل اعتماد اور جانے پہچانے مذہبی و سماجی اداروں کی وساطت سے اصل مستحق افراد تک تعاون و امداد پہنچای جائے۔
علامہ موصوف نے منشیات کی روک تھام کے لیے تمام باشعور افراد اور زمہ دار اداروں کو آگے آنے اور کاروان اسلامی انٹرنیشنل کے منشیات مخالف پروگرام میں دل و جان سے شامل ہونے کی پرزور دعوت دی تاکہ ریشیوں اور درویشوں کی اس مقدس سرزمین کو منشیات کی آلودگی سے صاف و پاک کیا جا سکے۔