سرینگر// جموں کشمیر میں آج2بجے سے ایک بار پھرہفتہ وار لاک ڈائون کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا،جو64گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد پیر صبح6 بجے ختم ہوگا۔
ادھر 26جنوری کی تقریبات ی وجہ سے تقریباً دو دن تک روز مرہ سرگرمیاں متاثر رہنے کے بعد جمعرات کو روز مرہ معمولات بحال ہوئیں۔
یوم جمہوریہ تقریبات کے پیش نظر غیر معمولی سیکورٹی بندو بست کی وجہ سے جموں میں سیکورٹی چوکس رکھی گئی جبکہ وادی میں 25جنوری سہ پہر سے ہی بازار بند اور ٹرانسپورٹ معطل رہا۔
جمعرات کو ہر طرح کا کاروباری اور دیگر سرگرمیاں بحال ہوئیں تاہم آج جمعہ کو ہفتہ وار لاک ڈائون کا ایک بار پھرنفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔
کورونا کیسوں میں اضافے کے پیش نظر جنوری کے وسط میں ہفتہ وار لاک ڈائون شروع کیا گیا ہے،جس کا نفاذ مسلسل تیسرے ہفتے بھی جاری رہے گا۔
چیف سیکریٹری کی سربراہی والی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی نے لاک ڈائون کا نفاذ فی الحال جاری رکھنے کافیصلہ کیاہے ۔لاک ڈائون کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اور ضلع مجسٹریٹوں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں۔
کاروباری و تجارتی مراکز،دکانیں اور دیگر سرگرمیاں بند رکھنے کے علاوہ مسافرگاڑیوں اور نجی ٹریفک کی نقل و حمل بند رکھا جائیگا۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کرے۔
لاک ڈائون پیر کی صبح 6بجے تک جاری رہیگا۔ اس دوران پورے جموں کشمیر میں رات کا کرفیو بھی جاری رہیگا۔