سول سوسائٹی پٹن کی جانب سے اننت ناگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں ایک پولیس کانسٹیبل کی المناک شہادت کے خلاف اور امن و امان کے حق میں ایک پُرامن کینڈل مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سول سوسائٹی پٹن کے چیئرمین جناب سلیم فاروق وانی اور چیف آرگنائزر مفتی قاضی طارق الرحمٰنی سمیت سول سوسائٹی کے دیگر ذمہ داران، معزز شہریوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس افسوسناک واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ جانوں کا ضیاع کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے بزدلانہ حملے معاشرے کے امن، استحکام اور بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہیں۔ مقررین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
آخر پر شہید پولیس کانسٹیبل کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور جموں و کشمیر میں دائمی امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔




