پیرزادہ سعید
کرناہ //گبڈوری ہجہترہ کرناہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں جن میں چار کنبے آباد تھے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ نے پہلے ایک مکان کو اپنی لیپٹ میں لیا اور آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے ساتھ ہی دوسرے مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔رہائشی مکانات میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سازسامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے ۔محکمہ فائراینڈ ایمرجنسی سروس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پہلے آگ محمد اشرف ومحمد رفیق ولد نور علی کاندل کے مکان میں ظاہر ہوئی جس نے ساتھ ہی موجود حاکم الدین وقیصر الدین ولد جمال الدین کے مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ اور مقامی لوگوں کی مدد سے بھی مکانات کو لگی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا کیونکہ خشک موسم کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کے حوالے سے انہوں جیسے ہی اطلاع ملی تو وہ وہاں پہنچے کیونکہ علاقہ ہیڈ کوارٹر سے کافی دور ہے اور سڑکیں بھی تنگ ہیں لیکن اس کے باوجود بھی بستی کے دیگر مکانات کو آگ سے بچایا گیا ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ ان مکانوں میں چار کنبے آباد تھے ۔انہوں نے کہا کہ آگ گیس سلینڈر کے لیکیج ہونے سے لگی ہے ۔