پیرزادہ سعید
کرناہ //محکمہ صحت کرناہ میں کام کر رہے این ایچ ایم ملامین کا ایک وفد ایم ایل اے کرناہ جاوید مرچال سے ملاقی ہوا ،جس دوران انہوں نے اپنے مسائل اور مشکلات سے انہیں اگاہ کیا ۔وفد نے ایم ایل اے کو بتایا کہ ان کےلئے کوئی بھی ٹرانسفر پالیسی نہیں ہے اور وہ گذشتہ کئی برسوں سے ایک ہی جگہ پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وفد کی نمائندگی این ایچ ایم کے قریب 60 ملازمین،طبی افسران اور پیرامیٹرز کر رہے تھے۔انہوں نے ایک یادداشت بھی ایم ایل اے کو پیش کی۔ ملازمین نے پوسٹنگ کے غیر منصفانہ تقسیم پر تشویش کا اظہار کیا، کیونکہ میرٹ پر مبنی انتخاب کے عمل کے باوجود بہت سے منتخب امیدواروں کو دوسرے بلاکس میں بھیج دیا کیا گیا ہے. ملازمین نے ایک جامعہ ٹرانسفر پالیسی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرما کے موسم میں انہیں یہاں کافی دقتوں کا سامنا رہتا ہے اور کئی ایک ملازمین کو صحت کے مسائل کا بھی سامنا ہے ، جبکہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ ہر دو برس کےلئے ملازمین کے ضلع سطح پر تبادلے عمل میں لائے جائیں ۔این ایچ ایم ایسوسی ایشن نے کہا کہ انہوں نے بار بار متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ، بشمول ایل جی، مشیر سیکرٹری اور میڈیکل ایجوکیشن کے انتظامی سیکرٹری، اور این ایچ ایم کے مشن ڈائریکٹر سے لیکن کوئی بھی اطمینان بخش ردعمل نہیں مل سکا. انہوں نے مزید کہا کہ لداخ یو ٹی بننے کے بعد وہاں کےلئے ایک ٹرانسفر پالیسی لاگو کی گئی لیکن جموں وکشمیر کےلئے کوئی ایسی پالیسی نہیں ہے ۔ ایم ایل اے نے ان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس تعلق سے اعلی افسران سے بات چیت کریں گے تاکہ ایک اچھی اور منصفانہ ٹرانسفر پالیسی تشکیل دی جا سکے ۔