بٹ مظفر
کپواڑہ//، 25 اکتوبر: رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کے ایک اعلی سطحی وفد نے آج جموں و کشمیر کے چیف منسٹر کے مشیر جناب ناصر اسلم وانی سے ایک اہم ملاقات کی، جس کا مقصد اساتذہ برادری کے معاملات اور مسائل کو اعلی حکام کو پیش کرنا تھا۔وفد کی قیادت زونل صدر جناب سید لطیف نازکی نے کی، جبکہ دیگر نمایاں اراکین میں جنرل سیکریٹری جناب امتیاز احمد شاہ، مشیر جناب فروز احمد گنی، ضلعی باڈی کے اراکین جناب محسن منظور خان اور جناب ارشاد احمد لون، اور جناب خالد ظفر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے اساتذہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے چند بنیادی مطالبات پیش کیے، جن میں پرانی پنشن اسکیم کی بحالی، یکساں تبادلہ پالیسی کا نفاذ، پانچ سالہ سروس کی شمولیت، اور اساتذہ کو leave encashment کی فراہمی شامل تھی۔
فورم کے ترجمان کے مطابق، جناب ناصر اسلم وانی نے وفد کے مطالبات کو نہایت غور سے سنا اور ان پر تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس سے وفد کو یقین ہو گیا کہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
یہ ملاقات اس وجہ بھی اہم تھی کیونکہ اس میں جموں و کشمیر کے تعلیمی نظام کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے تعلیمی شعبے میں بہتری لانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں مشیر نے سراہا۔ جناب وانی نے اساتذہ کی خدمات کی اہمیت کا اعتراف کیا اور انہیں مزید جوش و خروش سے اپنے فرائض انجام دینے کی ترغیب دی۔زونل صدر جناب سید لطیف نازکی کی اس کامیاب ملاقات کے انعقاد کے سلسلے میں ان کی قیادت اور فعال کردار کو زون سوگام کے اساتذہ کی جانب سے سرہایا جا رہا ہے ۔