کسانوں کو جدید زرعی طریقوں کی اہمیت سے اگاہ کیا گیا
پیرزادہ سعید
کرناہ //ڈاک بنگلہ ٹنگڈار میں ایک کسان میلہ منعقد ہوا، جس میں کرناہ کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کسان اور مستفید ہونے والے افراد شریک ہوئے۔ اس پروگرام میں سول سوسائٹی کے اراکین، معززین،سابق پنچایتوں کے اراکین ،افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد محکمہ کے افسران نے مختلف زرعی طریقوں کے فوائد، حکومتی اسکیموں، دیہی معیشت کو فروغ دینے کے طریقوں، اور کھاد، کیڑے مار ادویات کے استعمال پر معلومات فراہم کیں۔ڈاکٹر ظہور احمد لون نے جدید زرعی طریقوں کی اہمیت پر ایک تفصیلی لیکچر دیا، جسے کسانوں نے خوب سراہا۔ پروگرام کے انچارج آفتاب احمد نے کسان میلہ کے فوائد پر روشنی ڈالی اور ایسے پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ضلع زرعی افسر کپواڑہ طارق احمد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد کسانوں میں حکومتی اسکیموں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور ان اسکیموں کو عملی جامہ پہنانا ہے۔علاقہ کے معززین جن میں راجہ نذیر احمد، عبدالرشید لون اور نثار میر نے بھی افسران اور کسانوں سے گفتگو کی اور زرعی اسکیموں کے بہتر انتظام اور عمل درآمد پر زور دیا۔
اس میلہ میں مختلف محکموں جیسے محکمہ حیوانات، پھولوں کی کاشت، باغبانی اور زراعت کے متعدد نمائش اور سیل کاؤنٹر بھی لگائے گئے، جنہوں نے کسانوں کی مدد اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے مختلف مصنوعات اور خدمات پیش کیں۔