سرینگر:22اکتوبر
نامور شاعر،ادیب اورماہر تعلیم مرحوم سید غلام رسول غیور اندرابی کے19 ویںیوم وصال کے سلسلے میں رتبی پورہ پلوامہ میں ایک پر وقار تقریب کے دوران مقررین نے مرحوم غیور کے ادبی اور علمی کمالات پر روشنی ڈالی اور ان کی سیاسی،تعلیمی اور سماجی خدمات کو یاد کیا ۔ غیور فاو ¿نڈیشن اورجموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد تقریب کی صدارت وادی کے معروف نعت خوان اور براڈ کاسٹر غلام حسن غمگین نے کی جبکہ ان کے ہمراہ غلام حسن طالب ،سید جلال الدین اندرابی ،سید غلام محی الدین اندرابی اور ڈاکٹر مہ جبین نبی بھی ایوان صدارت میں موجود رہے ۔غیور فاونڈیشن کے چیرمین انجینئر سید شوکت غیور اندرابی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔مقررین نے سید غلام رسول غیور کو عظیم ماہر تعلیم، مفکر، سیاستدان اور بہترین شاعر قراردیتے ہوئے کہا کہ کشمیری سماج ،ادب اور درس و تدریس میں ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم غیورکوکشمیر کی آواز کہاجاتا تھا اورا ±نہیں بعد از مرگ ’صوت ِ کشمیر‘ایوارڈ سے بھی سرفراز کیاگیا۔انہوںنے کہا کہ مرحوم غیور ادبی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ معروف سماجی کارکن، عوامی خدمتگار بھی تھے جوکہ ہمیشہ لوگوں کی خدمت کے لئے تیار رہتے تھے۔اس سے قبل مرحوم غیور کے مقبرے پر فاتحہ خوانی اور گلباری کی گئی جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اورفاونڈیشن کے ممبران نے شرکت کی۔