پیرزادہ سعید
کرناہ// کرناہ میں ایک ہفتے سے بجلی کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں عام لوگوں میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں ایک ہفتے سے بجلی کی انکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔طویل بجلی کی کٹوتی پر بڑھتے ہوئے عوامی غصے کے درمیان ایم ایل اے کرناہ جاوید احمد مرچال نے محکمہ کے اعلی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) اور محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر (AEE) کپوارہ کے ساتھ میٹنگ میں جاوید مرچال نے مقامی آبادی کی شکایات پر آواز اٹھائی ہے ۔انہوں نے حکام پر زور دیا کہ عوام کو بلا خلل بجلی فراہم کرنے کےلئے فوری اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔جاوید مرچال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکام نے وضاحت کی کہ بجلی کی لائنوں کی مرمت اور شاخ تراشی کا کام چل رہا ہے جس کے نتیجے میں کچھ ایک علاقوں میں اختیاطی طور پر بجلی بند رکھی گئی ہے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ کام مکمل ہونے کے بعد بجلی سپلائی میں بہتری لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی ۔ایم ایل اے نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ معقول بجلی سپلائی کی بحالی کے لئے تمام اقدامات کریں تاکہ عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔