امت محمدیہ انسانیت کی فلاح کی ضامن/ حضرت قاضی
عبدالرؤوف الندوی( استاد حدیث سراج العلوم سرینگر)
صحیح نیت اور خدمت خلق کامیابی کا راز/حاجی محمد اسلم وانی (ناظر عام دارالعربی )
علم وحلم وقت کی ضرورت /مولانا فیصل ندوی( استاد حديث و تفسير ندوۃ العلماء)
شہر سرینگر کے مشہور و معروف ڈل جھیل کے کنارے مفتی منزل میں استاز الاساتذہ حضرت حاجی محمد اسلم وانی صاحب کی سرپرستی میں افتتاح حدیث شریف کی عظیم الشان مجلس کا انعقاد کیا گیا ۔حضرت مولانا قاضی عبدالرئووف الندوی صاحب نے درس حدیث دیاجبکہ حضرت حاجی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایاکہ’’اعمال کی روح صحیح نيت ہے صحیح نیت اور خدمت خلق دنیا اور آخرت میں کامیابی سے ہمکنار کرتی ہے جبکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد ہی انسان کوحقیقی انسان بنا تا ہے۔
طلبہ سراج العلوم نے مجلس میں ائمہ اربعہ کے ذکر خیر کے ساتھ ساتھ ائمہ حديث کا ذکر بھی کیا جس سے مجلس میں چار چاندلگ گئے ۔
حضرت قاضی صاحب نے ان مقدس شخصیات پر خصوصی تبصرہ کیا آپ نے فرمایا کہ ان حضرات نے عزیمت پر عمل کرکے اپنے جان ومال کو دین کی سر بلندی کے لئے وقف کیا اللہ تعالیٰ نے ان کو دنیا وآخرت میں مقبولیت سے سر فراز کیا اور قیامت تک کے لئے نمونہ بنایا۔ آپ نے افتتاحی درس میں فرمایا کہ یہ امت امتیازی شان رکھتی ہے اس کو لوگوں کے نفع کے لئے پیدا کیا گیا ۔ہم نافع بنیں گے جب ہم حقیقی معنوں میں حقو ق اللہ اور حقوق العباد کو کما حقہ ادا کریں گے یہی ہماری زندگی کا مقصد ہے ۔ لیکن اگر ہم اپنے آپ کو حسد سے بغض سے نفرت سے لالچ سے متصف کریں گے یہ ہماری ناکامی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم کو ان باطنی امراض سے محفوظ رکھیں ۔
حضرت مولانا فیصل احمد ندوی نے فرمایا کہ علم وحلم کے ذریعہ ہم امت کو ہر مشکل سے نجات دلاسکتے ہیں ہم اپنے آپ کواپنے معاشرہ کو ان اوصاف سے باکمال وبے مثال بنا سکتے ہیں ۔حضرت نے قاضی عبدالرؤوف الندوی صاحب کے فرزنداور دختر کو مکتب میں پہلا درجہ حاصل کرنے پر خصوصی انعام کے ساتھ ساتھ نانی ٹانک (Naanic Tonic)کی افتتاح Inaugration بھی كی ۔