پیرزادہ سعید
کرناہ //کرناہ کے جھمکوٹ علاقے کے رہائشیوں نے اتوار کو ٹنگڈار-ٹیٹوال NH701 شاہرا کو گھنٹوں بلاک کر کے پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاج کیا۔مکیںوں کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگ گزشتہ کچھ دنوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں لیکن محکمہ لوگوں کو پانی دستیاب رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہے ۔ اتوار کے روز مظاہرین جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے ٹنگڈار ۔ٹیٹوال NH701 پر جمع ہوئے اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا اور دھرنا دیکر گاڑیوں کی روانی روک دی ۔ مظاہرین نے محکمہ جل شکتی اور مقامی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے ایک خاتون نے کہا کہ “ہمیں کئی دنوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ کوئی ہماری التجا نہیں سن رہا ہے۔” مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کی وجہ سے ابتر صورتحال نے انہیں سڑکوں پر نکلنے اور ہائی وے بلاک کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں چھوڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بحران نے علاقے کی خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، کیونکہ وہ مناسب پانی تک رسائی کے بغیر روزمرہ کے سب سے بنیادی کاموں کو سنبھالنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ مظاہرین نے حکام سے اپیل کی کہ وہ پانی کے بحران کو فوری طور پر حل کریں تاکہ مکیںنوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ بعد ازاں کچھ ایک افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور احتجاج کرنے والے مکینوں کو یقین دلایا کہ اس مسئلے کو بلا تاخیر حل کیا جائے گا۔جس کے بعد لوگ پرامن طریقے سے منتشر ہوئے ۔