پرنس آیاز
بانڈی پورہ:- شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے شیخ محلہ اجس علاقے کے باشندوں نے ہفتہ کو جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ یہ علاقہ جل جیون مشن اسکیم سے محروم ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ جل جیون مشن وہ اسکیم ہے جس سے ہر گھر میں نل کا پانی پہنچے گا لیکن ہمارا علاقہ اسکیم سے محروم ہے اور محکمہ خاموش تماشائی ہے اور وہ ہمارے لیے کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھا رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سکیم نہ ہونے کی وجہ سے پورا علاقہ پانی کے بحران کا شکار ہے جس سے ہمیں کئی مسائل کا سامنا ہے۔
اب مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے مداخلت کرتے ہوئے اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جب ہم نے ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی ڈپارٹمنٹ ڈویژن بانڈی پورہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بار بار کال کرنے پر بھی ایک کال کا جواب نہیں دیا۔
جب ہم نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ شکیل الرحمان راتھر سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں متعلقہ محکمہ کے ساتھ اس مسئلے کا جائزہ لوں گا اور اگر یہ علاقہ جے جے ایم اسکیم کے تحت ہوگا تو اس مسئلے کا ازالہ کیا جائے گا۔