پیرزادہ سعید
کرناہ // کرناہ میں بی ایس ایف کی 89بٹالین نے اپنا یوم تاسیس بڑے ہی جوش وخروش کے ساتھ منایا ۔تقریب میں 104انفنٹری برگیڈ کے کمانڈر این کے داس ، کمانڈنٹ 89بٹالین بی ایس ایف ٹنگڈار ایس ایچ پردیپ کمار کے علاوہ برگیڈ اور مختلف فوجی یونٹوں کے افسران ،سیول سوسائٹی ممبران ، پنچایتی اراکین میڈیا کے اہلکاروں اور اسکولی بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بی ایس ایف کے جوانوں اور بچوں کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ اس موقع پر بٹالین کے اہلکاروں جنہوں نے مختلف شعبوں میں غیرمعمولی خدمات انجام دی ہیں، کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بی ایس ایف کے بہادر جوان دشوار گزار خطے اور برعکس حالات کے باوجود پورے جوش کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ بی ایس ایف جوانوں کی عظیم قربانی اور ناقابل تلافی بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے ،انہوں نے کہا کہ ان کی وجہ سے ملک کا ہر شہری بلا خوف و خطر قومی ترقیاتی کاموں میں حصہ لے رہا ہے اور ہمیں ان کی بہادری پر فخر ہے ۔