گاندربل/4 دسمبر/شافیہ گلفام
آزاد ڈرامٹک کلچرل کلب”ADCC”ریپورہ گاندربل کے اہتمام سے اپنی نوعیت کی پہلی ایک روزہ کشمیر تھیٹر کانفرنس ریپورہ لار گاندربل میں منعقد ہوئی جس میں وادی کی کئی معروف تھیٹر شخصیات نے شرکت کی جن میں نثار نسیم،مشتاق علی احمد خان، محمد امین بٹ، گلزار احمد گنائی،شفیق قریشی،محمد یوسف شاہین،شیخ محمد حنیف،معراج الدین وانی، حکیم جاوید،مجید مجازی، گل جاوید خان،فرحت صدیقی، حسن جاوید، خورشید میر،الطاف حسین نوشہری،نظیر ہربول،شہزاد شبیر، شبیر حکاک،بشیر احمد بٹ، شاہنواز حسین،محمد شفیع خان اور ارشد نوشہری قابل ذکر ہیں۔چار نشستوں پر مشتمل اس ایک روزہ تھیٹر کانفرنس میں تھیٹر میں قلم کاری، ہدایت کاری، اداکاری اور ہم عصر تھیٹر پر ایک تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چاروں نشستوں میں شرکاء نے بھر پور حصہ لیکر تھیٹر کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔چار نشستوں پر مشتمل اپنی نوعیت کی اس پہلی کشمیر تھیٹر کانفرنس کا کشمیر میں پہلی بار انعقاد ہوا تھا چاروں نشستوں میں ماہر تھیٹر، قلم کار اور ہدایت کار ریشی رشید نے پیپر پیش کیا۔کانفرنس میں شرکاء مہمانوں کا استقبال ماسٹر عبدالصمد میر جبکہ معصوم رمضان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ممتاز براڈکاسٹر اور آکاشوانی سرینگر کے سینئر اناؤنسر رشید نظامی نے کانفرنس کی میزبانی کی۔واضح رہے کہ اس ایک روزہ تھیٹر کانفرنس کی مالی معاونت منسٹری آف کلچر گورنمنٹ آف انڈیا نئی دہلی کی اسکیم کلچر فکشن اور پروڈکشن گرانٹ کے تحت کی گئی تھی۔