کٹھوعہ // سرتھل، جوکہ ضلع کٹھوعہ کے بنی تحصیل میں بھدرواہ پٹھانکوٹ روڈ پر واقع ہے، کو اپنی خوبصورتی اور قدرتی مناظر کی وجہ سے چھوٹا کشمیر بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں کی قدرتی خوبصورتی، صاف ہوا اور دلکش مناظر ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کو بھی اپنی طرف مائل کرتے ہیں۔ ہر سال یہاں بھدرواہ، پٹھانکوٹ، جموں، ہماچل پردیش، دہلی، پنجاب اور باقی ریاستوں سے لاکھوں کی تعداد میں سیاح تفریح کیلئے آتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے دلفریب خوبصورتی کے باوجود، یہ علاقہ کٹھوعہ ضلع سے دوری کی بنا پر کم توجہ کا مرکز رہا ہے جس کی وجہ سے سرتھل کا علاقہ معاشی ترقی کے شعبہ میں بچھڑا ہوا ہے اور یہاں کے لوگ مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور ساتھ ہی یہاں کے سیاحتی مراکز کی طرف ابھی حکومت اچھی طرح سے دھیان نہیں دے رہی ہے۔ اس علاقے میں ان تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جو عمومی طور پر ایک سیاحتی مرکز کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ وہاں کے عوام کا کہنا ہے کہ یہاں پر عوامی ٹوائلٹ کمپلیکس ، طبعی سہولتیں، حکومت کے ذریعے چلائے جانے والے ریسٹورنٹس، یا بچوں کے لئے تفریحی سہولتیں موجود نہیں ہیں۔ علاقے کی صفائی اور صحت مندی بھی عموماً نظر انداز کی جاتی ہیں۔
تفریحی سہولیات اور ثقافتی دلچسپیوں کی واضح عدم دستیابی کے عوض سرتھل آنے والے سیاحوں کو صرف قدرتی پتھروں اور چٹانوں کا سامنا ہوتا ہے اور یہی چیزیں ان کی تفریح کا سامان ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اس علاقے کی منفرد ثقافت اور تمدن کا مظاہرہ کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے کسی بھی اشتراکی میلے یا تقریب کا انعقاد نہیں ہوتا ہے۔ متعلقہ حکام کی طرف سے اس خوبصورت مقام کو نظر انداز کرنے کا طرزِ عمل بہت ہی مایوس کن اور دل خراش ہے کیونکہ یہاں کے اکثر باشندگان غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اس علاقے کی طرف بھرپور توجہ دے گی تو اس علاقے کو سیاحتی شعبہ میں بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کی کافی صلاحیت ہے۔
سر تھل کے عوام لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا سے پرزور درخواست کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام کو سر تھل علاقے کی طرف توجہ دینے کی سخت ہدایت دے کر اس خوبصورت علاقے کو سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دینے کی کوشش کرے تاکہ ملک کے باقی خطوں کی طرح یہ علاقہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے اور یہاں کی عوام بھی معیاری اور خوشگوار زندگی گزار سکے۔
Lt Governor inaugurates week-long ‘GI Mahotsav’ at Srinagar
GIs of J&K products will be a game-changer for rural economy and high quality of these products will benefit entire...
Read more