ڈاکٹر مدحت الاختر کی چار کتابوں کا اجراء و محفل مشاعرہ
کامٹی: بتاریخ 4 نومبر 2022ء بروز جمعہ رات ساڑھے آٹھ بجے انجمن ضیا الاسلام پلک لائبریری، گجری بازار، کامٹی میں محفل شعرو سخن نیز ڈاکٹر مدحت الاختر کی چار کتابوں کی تقریب رونمائی ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ’نظیری نیشاپوری ۔حیات اور شاعری‘ بدست: ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل، لکیریں (ڈاکٹر مدحت الاختر کے منتخب اشعار، دیوناگری) بدست: جناب صادق الزماں، ’منافقوں میں روز وشب‘ (اشاعت دوم) بدست: ڈاکٹر عبد الرحیم نشتر صاحب، ’باطن‘ بدست : ڈاکٹر ارشد جمال صاحب عمل میں آئی۔ اس حصے کی نظامت کے فرائض آغا محمد باقر (نقی جعفری) نے بحسن وخوبی انجام دی۔
تقریب میں ڈاکٹر ارشد جمال، ڈاکٹر عبد الرحیم نشتر، ڈاکٹر محمد یحییٰ جمیل، ڈاکٹر محمد رفیق اے ایس ، صادق الزماں، ریحان کوثر ، ڈاکٹر اظہر ابرار صاحبان بطور مہمانان خصوصی موجود رہے۔
ٹاکٹر محمد شرف الدین ساحل نے مدحت الاختر صاحب کی کتاب نظیری نیشاپوری حیات اور شاعری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً نظیری نیشاپوری پر مدحت الاختر کا یہ ایک اہم کام ہے۔ مدحت الاختر نے نظیری نیشاپوری کے ان مختلف باطنی اور پوشیدہ پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے جو ان چھوا ہے ۔اور مستقبل میں آنے والی نسلوں کے لئے یہ کتاب مشعل راہ ثابت ہوگی۔ عبدالرحیم نشتر نے مدحت الاختر کی شاعری اور ذہانت پر بات کرتے ہوۓ کہا کہ مدحت کی شاعری پورے برصغیر میں اپنے منفرد لب و لہجے اور شاعری کے باطن کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ اردو کے سب سے بڑے نقاد شمش الرحمن فاروقی بھی ان کی شاعری کے گرویدہ تھے۔ ڈاکٹر محمد یحییٰ جمیل نے مدحت الاختر کی شاعری میں تہہ دار شاعری کے حوالے سے ان کی فن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بظاہر بہت آسان نظر آنے والے شعر متن سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں۔ جس کی پرتیں کھولنا ہر کس و ناکسی کی بات نہیں اس کو سمجھنے کے لئے کوالیفائنگ ذہن کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عبد الرحیم نشتر کے زیرِ صدارت محفل شعر و سخن میں ڈاکٹر مدحت الاختر، عبید حارث (ممبئی)، نقی جعفری، اشفاق احمد قریشی، بابر شریف، ڈاکٹر سمیر کبیر، ریحان ناصر، اظہر حسین، شاداب انجم، جمیل احمد جمیل، خورشید عالم، محمد افضل، محمد توحید الحق اور لاریب عباس شعراء نے اپنے کلام سامعین کو سنائے۔ کلیم احمد انصاری نے شعری نشست کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔
اس پروگرام کے کنوینر عبید حارث تھے اور تقریب کو کامیاب بنانے میں سہیل عالم، پرویز احمد یعقوبی، وقار احمد انصاری، نشاط اختر، محمد آصف (بنٹی) عہدیداران و اراکین ،انجمن ضیا الاسلام پبلک لائبریری اور متاعِ سخن ادبی فاؤنڈیشن، کامٹی کی مشترکہ کوششیں شامل رہیں۔