سری نگر،12 نومبر کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ سری نگر کے بمنہ علاقے میں جمعرات کی شب ایک مختصر تصادم میں ہلاک ہونے والا جنگجو لیتہ پورہ حملے کے ایک ملزم کا رشتہ دار تھا۔انہوں نے مہلوک جنگجو کی شناخت عامر ریاض ساکن کھریو پلوامہ کے طور پر کی جو مجاہدین غزوۃ الہند نامی تنظیم سے وابستہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مہلوک جنگجو کو فدائین حملے انجام کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔موصوف آئی جی پی نے یہ جانکاری جمعے کے روز اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے فراہم کی۔ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ’سری نگر انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے جنگجو کی شناخت عامر ریاض ساکن کھریو پلوامہ کے بطور ہوئی ہے اور وہ مجاہدین غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھا‘۔ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’وہ لیتہ پورہ ٹرر حملے کے ایک ملزم کا رشتہ دار تھا اور اس کو فدائین حملے انجام دینے کی ذمہ داری دی گئی تھی‘۔بتادیں کہ سری نگر کے بمنہ علاقے میں جمعرات کی شب سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا تھا۔یو این آئی۔