جموں، 27 جون بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر انیل گپتا نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں کے ایئر فورس سٹیشن پر ہونے والا حملہ ایک ‘ڈرون اٹیک’ نہیں بلکہ ‘بلون اٹیک’ تھا۔
انہوں نے کہا کہ چاند کی روشنی میں ڈرون کا ایئر فورس سٹیشن کے اندر آنا اور پکڑا نہ جانا ناممکن نظر آتا ہے۔
بریگیڈیئر انیل گپتا نے اتوار کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: ‘کل رات بعد از نصف شب جموں ایئر فورس سٹیشن میں دو دھماکے ہوئے۔ نقصان زیادہ نہیں ہوا لیکن ہو سکتا تھا۔ یہ دھماکے کیسے ہوئے اور کس نے کرائے تحقیقات کا موضوع ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ایک اٹکل یہ لگائی جا رہی ہے کہ یہ شاید ڈرون اٹیک تھا۔ میری نظر میں یہ ڈرون اٹیک نہیں ہو سکتا۔ کیوں کہ ڈرون اتنا اندر آئے اور پکڑا نہ جائے مشکل ہے۔ خاص کر کل چاندی رات تھی۔ چاند کی روشنی میں ڈرون کا آنا اور پکڑا نہ جانا ناممکن ہے’۔
بی جے پی ترجمان نے ‘حملے’ کو ‘بلون اٹیکٹ’ قرار دیتے ہوئے کہا: ‘میری نظر میں یہ ایک بلون اٹیک ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ پچھلے مہینے اور اس سے پہلے سرحد کے نزدیک پی آئی اے مارکنگ کے غبارے پائے گئے تھے’۔
انہوں نے کہا: ‘تب سب اٹکلیں لگا رہے تھے کہ ایسا کیوں کیا جا رہا ہے۔ میں نے تب بھی کہا تھا کہ شاید ان کے ذریعے آئی ای ڈی بھیجی جائیں گی۔ مجھے لگتا ہے کہ کل رات کو ایئر فورس سٹیشن پر جو حملہ ہوا ہے وہ غباروں کے ذریعے ہی ہوا ہے۔ یہ غبارے کہاں سے بھیجے گئے اور ان کو کنٹرول کیسے کیا گیا یہ کہہ پانا ابھی مشکل ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہمیں مستعد رہنا پڑے گا کیوں کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ سرحد پر امن رہے۔ پاکستان ایک طرف جنگ بندی کا اعلان کرتا ہے اور دوسری طرح اس طرح کی گھناونی حرکتیں کر کے بھارت کی طاقت کو چیلنج کرتا ہے’۔
یو این آئی