جموں، 15 جون جموں و کشمیر کے فائنانشل کمشنر برائے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈولو کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری میں شعبہ صحت کی بحالی کے لئے بالخصوص گزشتہ دو برسوں سے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں شعبہ صحت کے بنیادی ڈھانچے اور ہیلتھ کیئر خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدام کئے جا رہے ہیں۔
موصوف کمشنر نے یو این آئی کو بتایا: ‘یونین ٹریٹری میں پانچ نئے میڈیکل کالجوں کے قیام، جنہیں ضلع اننت ناگ، بارہمولہ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور راجوری میں 189 کروڑ روپے فی کالج کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، کے ساتھ ہی ایم بی بی ایس سیٹوں میں بھی اضافہ کیا گیا’۔
انہوں نے کہا کہ ان میڈیکل کالجوں کا انفراسٹرکچر تکمیل کے مختلف مرحلوں پر پہنچ گیا ہے تاہم ان میں سے چار میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس طلبا کے پہلے بیچ کے لئے کلاسز کا انتظام عارضی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔
مسٹر ڈولو نے کہا کہ نئے میڈٰیکل کالجوں کے قیام کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں کو 5 سو بڑھا کر 11 سو کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے دو مزید میڈیکل کالجوں ایک ہندوارہ اور دوسرا اودھم پور میں قائم کرنے کو منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیوش ہیلتھ کیئر خدمات کے استحکام کے لئے جموں میں ایک آیور ویدک میڈیکل ہسپتال اور سری نگر میں ایک یونانی ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں قائم یونانی ہسپتال میں بی یو ایم ایس کے پہلے بیچ کے 60 طلبا کے لئے موجودہ تعلیمی سال میں کلاسزشروع ہوئی ہیں۔
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمز) کے قیام پر پوچھے جانے پر مسٹر ڈولو نے کہا: ‘مرکزی وزارت صحت و فیملی بہبودی نے یونین ٹریٹری میں دو ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے دو ایمز ہسپتال قائم کرنے کو منظوری دی ہے ان میں سے ایک ضلع سانبہ کے وجے نگر میں جبکہ دوسرا ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ میں قائم کیا جائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ہسپتالوں کے احاطوں کی دیواروں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ مین کیمپس کی تعمیر کا کام بھی سی پی ڈبلیو ڈی نے شروع کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمز جموں کے ایم بی بی ایس کے 50 طلبا پر مشتمل پہلے بیچ، کو وجے نگر میں عمارت کی تکمیل تک میڈیکل کالج جموں میں عارضی طور پر منتقل کیا گیا ہے۔
موصوف کمشنر نے کہا کہ بی ایس سی نرسنگ اور بی ایس سی پیرا میڈیکل ایجوکیشن کو کئی گنا مضبوط کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘نرسنگ تعلیم اور تربیت یافتہ نرسنگ عملے کی دستیابی کے لئے پانچ نرسنگ کالجوں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے تین کالجوں میں بی ایس سی نرسنگ کورسز کے کلاسز شروع کے گئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘علاوہ ازیں دس مزید نرسنگ کالجوں کے قیام کو منظوری دی گئی ہے تاکہ نرسنگ خدمات کو بڑھاوا مل سکے اس طرح یونین ٹریٹری میں نرسنگ کالجوں کی کل تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے’۔
مسٹر ڈولو نے کہا کہ ان کالجوں میں انفراسٹرکچر کے تعمیر کی تکمیل مختلف مرحلوں پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے سات گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں پہلی بار بی ایس سی پیرا میڈیکل کورسز شروع کئے گئے ہیں جن میں 590 سیٹوں کی گنجائش ہے۔
یو این آئی
Last Date for declaring Exotic animals listed under Schedule IV of the Wild Life (Protection) Act, 1972 is 28 August 2024
The registration of these exotic animal species is to be done in the PARIVESH 2.0 portal The ministry had notified...
Read more