یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نے ملک میں آکسیجن کی دستیابی کو بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیکل گریڈ آکسیجن کی فراہمی کو بڑھانے کی فوری ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ گھر اور اسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے درکار سامان کی اشد ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ حال ہی میں ریمڈیشویر اور اس کے API پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ حاصل ہے جس کے بعد یہ فیصلہ لیاگیا کہ مریضوں کو آکسیجن فراہم کرنے سے متعلق سازوسامان کی درآمد میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ ان کی پیداوار اور دستیابی کو بڑھانے اور بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے ، آکسیجن اور آکسیجن سے متعلقہ سامان سے متعلق اشیاء کی درآمد پر بیسک کسٹم ڈیوٹی اور ہیلتھ سیس سے فوری طور پر تین ماہ کی مدت تک پوری چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کوڈ ویکسین کی درآمد پر بیسک کسٹم ڈیوٹی کو بھی فوری طور پر 3 مہینوں کے لئے مستثنیٰ کردیا جائے۔وزیر اعظم نے محکمہ ریونیو کو ہدایت کی کہ ایسے سامان کی ہموار اور فوری کسٹم کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے مطابق ، محکمہ ریونیو نے مذکورہ اشیا کے لئے کسٹم کلیئرنس سے متعلق امور کے لئے ، کسٹمز کے جوائنٹ سکریٹری ،گورو مسالدن کو نوڈل آفیسر نامزد کیا ہے۔ آئی اے ایف کے طیارے سنگاپور سے کرائیوجنک آکسیجن ٹینک لیکر آرہے ہیں۔ آئی اے ایف سفر کے اوقات کو کم کرنے کے لئے آکسیجن ٹینک بھی ملک میں لے جا رہی ہے۔