شوپیان // شوپیان کے ایک مضافاتی گائوں میں شبانہ مسلح تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو جاں بحق جبکہ 2فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں حولدار زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔مسلح تصادم کے آغاز پر ہی ضلع میں انٹر نیٹ سروس معطل کی گئی اور گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن کے نتیجے میں روشنی کا انتظام کیا گیا اور تلاشی کارروائی روک دی گئی۔
مسلح تصادم
پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع ملی تھی کہ شوپیان ٹائون سے کئی کلو میٹر دور کولگام روڑ پر واقع وانگام نامی گائوں میں کم سے کم 2 جنگجو موجود ہیں، جس کے بعد گائوں میں آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ34آر آر،178بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آ پریشن گروپ نے شام ساڑھے 7بجے وانگام کا محاصرہ کیا اور نجار محلہ کی ناکہ بندی کی۔ انہوں نے کہا کہ جونہی گائوں کی ناکہ بندی کی جارہی تھی تو یہاں موجود جنگجوئوں نے بستی سے نکل کر فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران فورسز پر فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقعہ پر طرفین کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا جس میں جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں حولدار پنکو کمار اور سپاہی مندیپ سنگھ کو فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بادامی باغ لے جایا گیا جہاں پنکو کمار دم توڑ بیٹھا۔ادھر جائے وقوع سے ایک جنگجو کی لاش برآمد کی گئی تاہم اُس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے البتہ سیکورٹی فورسز نے اسکی تحویل سے امریکی ساخت کی M4رائفل بر آمد کی ہے۔گائوں میں اسکے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا اور فورسز نے بستی کی مکمل طور پر ناکہ بندی کر کے روشنی کا انتظام کرلیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر محصور جنگجوئوں کیلئے فرار ہونے کا کوئی راستہ فراہم نہ ہوسکے۔رات دیر گئے تک یہاں صورتحال مخدوش بنی ہوئی تھی اور گھر گھر تلاشی کارروائی کا سلسلہ کئی محلوں میں جاری تھا۔