نیوز ڈیسک
سرینگر//دلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے نام انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جاری کی گئی سمن پر روک لگانے سے انکار کیا۔محبوبہ کے نام ای ڈی نے یہ سمن منی لانڈرنگ کیس میں جاری کی ہے۔
پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے ای ڈی کی سمن کیخلاف دلی ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرتے ہوئے درخواست کی تھی کہ اس سمن پر روک لگائی جائے۔
اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس ڈی این پاٹل اور جسٹس جسمیت سنگھ پر مشتمل دلی ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے محبوبہ کی اس درخواست کو مسترد کردیا۔
اب محبوبہ مفتی کو22مارچ کے روز ای ڈی کے دلی آفس میں پیش ہونا ہے۔
دلی ہائی کورٹ میںمحبوبہ کی پیروی سینئر وکیل نتیہ راما کرشنن نے کی جبکہ سالیسٹر جنرل تشار مہتا دوسرے وکلا ءکے ہمراہ مرکزی حکومت و ای ڈی کی طرف سے پیش ہوئے۔
اس سے قبل ای ڈی نے محبوبہ کو15مارچ کو پیش ہونے کیلئے سمن جاری کی تھی۔تاہم بعد میں اس تاریخ میں تبدیلی لائی گئی۔